ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل : انجمن انجنئیرنگ کالج میں’’ اسپیک فار انڈیا ‘‘مباحثہ کا کامیاب پروگرام : انجمن کے 3طلبا فائنل میں

بھٹکل : انجمن انجنئیرنگ کالج میں’’ اسپیک فار انڈیا ‘‘مباحثہ کا کامیاب پروگرام : انجمن کے 3طلبا فائنل میں

Wed, 30 Nov 2016 20:46:01    S.O. News Service

بھٹکل:30/نومبر (ایس او نیوز)انجمن انجنئیرنگ کالج بھٹکل ، دی ٹائمس آف انڈیا ، وجئے کرناٹکا اور فیڈرل بینک کے اشتراک سے کالج سمینار ہال میں ’’ اسپیک فار انڈیا ‘‘ کے عنوان پر کالج طلبا کے درمیان مباحثہ کا مقابلہ ہوا۔ جس میں ریاست بھر سے مختلف کالجوں کے طلبا نے شرکت کرتے ہوئے مباحثہ میں اپنے خیالات  کا اظہار کیا۔ مباحثہ مقابلہ میں منتخب ہوئے 5طلبا میں سے انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے زیر سرپرستی چلنے والے تعلیمی اداروں کے 3طلبا فائنل کے منتخب ہوئے ہیں۔

مباحثہ میں انجمن انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ مینجمنٹ بھٹکل کے طالب علم محمد عاکف نے اول انعام پایا تو جی ایف جی ہوناور کے راما این نائک  دوسرے انعام کے مستحق قرار پائے ۔ اسی طرح کمٹہ کالج کی پی یواول کی طالبہ بھومیکا بھٹ سارسوت نے تیسرا، انجمن پری یونیورسٹی کالج فار وویمن بھٹکل کی صابرہ چہارم اور انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سنٹر بھٹکل کے محمد نظیف پنجم انعام کے مستحق قرار پائے ۔

مباحثہ کا یہ مقابلہ ریاست کے مختلف مقامات پر منعقد کیا جاتاہے۔ ضلعی سطح پر ریاست کے تمام اضلاع میں مقابلہ جات کا اہتمام کرنے کے بعد ہر تین اضلاع پر مشتمل ایک زون مان کر کل  10زون میں تقسیم کیا جاتاہے،یہاں منتخب ہونے والے طلبا زونل لیول پر مقابلہ میں حصہ لیں گے ، زونل لیول پر منتخب طلبا بنگلورو کے میگا فائنل میں حصہ لیں گے۔ منتظمین نے بتایا کہ بھٹکل انجنئیرنگ کالج کے مباحثہ میں منتخب ہونے والے طلبا  بنگلورو میں ہونے والے میگا فائنل کے مقابلہ میں حصہ لیتے ہوئے  اپنے خیالات کااظہار کرنا ہوگا۔

صبح 9بجے کالج سمینار ہال میں پروفیسر عبدالمقیت کی تلاوت قرآن سے افتتاحی پروگرام کا آغازہوا۔ کالج پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹی نے استقبال کیا۔ پروگرام میں انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے ایگزکیٹیو ممبر  محی الدین جیلانی شاہ بندری بطور مہمان خصوصی  تھے تو کالج سکریٹری عبدالرحمن صدیقی نے پروگرام کی صدارت کی۔ کالج کے نائب پرنسپال پھولے چندرا نے شکریہ اداکیا۔ اسپیک فارانڈیا کے نمائندے کونال اور ایم پی پردیپ کی نگرانی میں یہ مباحثہ بحسن خوبی انجام پذیر ہوا۔ انجمن تعلیمی داروں سے منتخب ہوئے طلبا کو انجمن کے عہدیداران ، پرنسپال ، اساتذہ وغیرہ مبارکبادی پیش کی ہے۔


Share: